جیمز گارفیلڈ (انگریزی: James Garfield) (پیدائش: 19 نومبر1831ء – انتقال: 19 ستمبر1881ء) ریاستہائے متحدہ امریکا کے 20 ویں صدر تھے۔ وہ امریکا کے دوسرے صدر تھے جو دوران صدارت قتل کر دیے گئے (ابراہم لنکن پہلے صدر تھے)۔ وہ امریکا کی تاریخ میں سب سے کم عرصہ تک عہدۂ صدارت پر رہنے والے صدور میں دوسرے درجے پر ہیں، ولیم ہنری ہیریسن سب سے کم عرصہ تک امریکی صدر رہے۔گارفیلڈ مارچ سے ستمبر1881ء تک عہدۂ صدارت پر موجود رہے یعنی صرف چھ ماہ اور پندرہ دن۔گارفیلڈ امریکا کی تاریخ کے واحد شخص ہیں جنہیں امریکی ایوان نمائندگان نے براہ راست صدر منتخب کیا جبکہ وہ واحد شخص ہیں جو بیک وقت کانگریس کے رکن، سینٹر اور صدر رہے۔ گارفیلڈ امریکا کے پہلے صدر تھے جو دونوں ہاتھوں سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے بلکہ وہ بیک وقت ایک ہاتھ سے لاطینی اور دوسرے ہاتھ سے قدیم یونانی تحریر کرنے کی حیران کن صلاحیت کے بھی حامل تھے۔